اسلام آباد: کورونا وائرس پر سارک ویڈیو کانفرنس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے مودی اور سارک کے دیگر سربراہان مملکت کے ضمیر کو جھنجھوڑتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روکتھام کیلئےاطلاعات کی ترسیل ناگزیر ہے، بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن ختم کرے۔


مزید برآں پاکستان نے کورونا کے معاملے پر سارک ممالک کے وزرائے صحت کی جلد از جلد کانفرنس بلانے کی تجویز بھی دی۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سارک رکن ممالک کی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ویڈیو کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کی۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے ویڈیو کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے ان اقدامات کی بابت بتایا جو وہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھا چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کورونا کے پھلاؤ کو روکنے کے لیے شروع سے اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں ںے واضح کیا کہ پاکستان کی بھرپور حکمت عملی اور پھیلاؤ روکنے کے اقدامات کو عالمی ادارہ صحت نے بھی سراہا ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے سارک سیکرٹریٹ کو اس وبا سے نمٹنے کے لیے علاقائی کوششوں کے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ویڈیو کانفرنس میں پاکستان نے رکن ممالک کی طرف سے خطے میں مسافروں کی اسکریننگ کے عمل کو ادارہ جاتی بنانے کی تجویز دی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے پاکستان نے سارک کے آبزرور ملک چین کے کورونا وائرس کی روک تھام کے مؤثر اقدامات سے سیکھنے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم اپنانے پربھی زور دیا۔

Post a Comment

Previous Post Next Post